عمران خان نے سستی شہرت کیلئے مناظرے کا شوشہ چھوڑا: مشاہد اللہ
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ نوازشریف اورمسلم لیگ(ن) کاووٹ تقسیم کرنے والے ہنگ پارلیمنٹ لانے کی سازش کاحصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہنگ پارلیمنٹ لاکر جمہوریت اور جمہوری حکومت کوکنڑول کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام لٹیروں، مداریوں اورادب سے عاری کھلاڑیوں کاگٹھ جوڑ مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست کوگالی اور سیاستدانوں کوبدنام کرکے تمام طالع آزماﺅں کو درست ثابت کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں گالی اور بدتمیزی کا کلچر متعارف کرانے والوں نے آمر کو ریفرنڈم میں کامیاب کرانے کےلئے دن رات ایک کئے رکھا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کامسلم لیگ(ن) کی قیادت کوہدف تنقید بناناان کے ذہنی تناﺅ اور بوکھلاہٹ کو ظاہر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاستدانوں سے اس لئے خائف ہیں کہ سب نے اس کی قیادت کومستردکرکے اسے چھوڑدیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سستی شہرت کے حصول کےلئے مباحثے کاشوشہ چھوڑا۔