چوہدری خاندان کےبارے مبینہ آڈیو لیک پر وزیراعلی پنجاب کا رد عمل
گجرات: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ انھیں مریم نواز کی آڈیو لیک کے الفاظ پر افسوس ہوا ہے۔ ظہور الہٰی کی 41 ویں برسی میں شرکت کے لیے ظہور الہٰی پیلس گجرات آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے تو شریف خاندان کی اصلیت کا پتا تھا لیکن آڈیو لیک سے اب عوام کو بھی پتا لگ گیا ہے۔انھوں نے کہا مریم نواز نے آڈیو لیک میں مجھ سے متعلق جو الفاظ استعمال کیے ہیں، مجھے اس پر افسوس ہوا، میں نے اس خاندان کے ساتھ بہت بھلائی کی، اور ہمیشہ شریف خاندان کے کام آیا۔پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ انھوں نے اور مونس الہٰی نے شریف خاندان کی اسی سوچ کی وجہ سے عمران خان کا ساتھ دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے رانا ثنا کے حوالے سے کہا کہ عمران خان نے اگر کال دی تو رانا ثنا کو کہتا ہوں اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائیں، ان کو سب سے بڑا خوف سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہے، ماڈل ٹاؤن میں جو خون کی ہولی انھوں نے کھیلی، اس پر انھیں انشااللہ سزا ہوگی۔