معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے: پاکستان کرکٹ بورڈ وکلا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکلاءچھ فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن پر جمعہ کے روز جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے روبرو پیش ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے پٹیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے معزز عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ہفتے 2 مختلف مواقع پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائززکو نیک نیتی کے ساتھ فنانشل ماڈل پر شکایات کا اژالہ کرنے کے لیے بات چیت کی دعوت دی۔ تفضل رضوی نے معزز عدالت کو یہ بھی بتایا کہ معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے، لہٰذا فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی یہ پٹیشن مسترد کی جانی چاہیے۔ معزز عدالت کی ہدایت کے مطابق پی سی بی اپنا تحریری بیان سماعت کی اگلی تاریخ 30 ستمبر بروز بدھ کو جمع کرائے گا۔ پی سی بی اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم اس معاملے پر اسے مایوسی اور حیرانی ہوئی ہے کہ فنانشل ماڈل پر بات چیت کی پیشکش کے باوجود فرنچائزز نے معزز عدالت سے رجوع کر لیا۔ پی سی بی معزز عدالت میں اٹھائے گئے تمام اعتراضات کو دور کرنے اور تمام فریقین کے لیے قابل عمل حل کا منتظر ہے۔