چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رکھا اور بحریہ یونیورسٹی کراچی میں بحریہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا افتتاح کیا۔ تقریب میں آمد پر ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ)کلیم شوکت نے ان کااستقبال کیا۔
پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا بنیادی مقصد میری ٹائم سائنسز، ٹیکنالوجیز اور بزنس کے ذریعے ملکی بلیو اکانومی کا فروغ ہے۔ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد، حکومتی اداروں اور کاروباری افراد اور اداروں کو باہمی تعاون کے لئے شاندار پلیٹ فارم دے گا اور پالیسی سپورٹ کے ذریعے نئے کاروبار، صنعتوں اور کاروباری افراد کو معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں متعدد ریسرچ، ڈیزائن اینڈ ڈیویلپمنٹ سینٹرز، سینٹرز آف ایکسیلینس اور دیگر کثیرالمقاصد شعبے موجود ہوں گے۔میری ٹائم انوویشن ایکو سسٹم کے لئے بھی میری ٹائم پارک میں جگہ مختص کی جائے گی۔نوجوانوں کو متفرق میری ٹائم شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کے لئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ میری ٹائم اسکلز ڈیویلپمنٹ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ وہ تیزی سے ابھرتے اور وسیع ہوتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر میں موجودمواقع سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک ملکی سمندری خزائن کے تعین و تلاش میں اہم کردار ادا کر کے ملکی جی ڈی پی میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔
بحریہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بحریہ یونیورسٹی کے اہم شعبوں کا انضمام ہے اور کمپیوٹر سائنس، کمپیوٹر انجینئرنگ،الیکٹریکل انجینئرنگ اور سافٹ وئیر انجینئرنگ کے شعبوں پر مشتمل ہے۔بحریہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا افتتاح بین الشعبہ جاتی تعلیم میں تحقیقی برتری کے حصول اور بین المضامین تعلیم کے فروغ میں ایک اہم قدم ہے۔
معیاری اور پائیدار تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لئے نیول چیف کے تصور کے مطابق پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اوربحریہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا قیام سال 2020 کے فلیگ شپ پراجیکٹس کے طور پرعمل میں لایا گیاہے۔