جی بی میں صوبائی اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں پر انتخابات کرانیکا اعلان
گلگت (نامہ نگار) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے صوبائی اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں پر 15 نومبر کو انتخابات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری کردیا اس کے ساتھ ہی جنرل الیکشن گلگت بلتستان اسمبلی 2020 کیلئے دنگل شروع ہوگیا۔چیف الیکشن کمیشن کے دفتر سے انتخابی شیڈول کے اجرائ کے بعد الیکشن کے انعقاد کے لیے باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت گلگت بلتستان کے ھیڈ کوارٹر گلگت سمیت دس اضلاع میں ریٹرننگ افسران نے الیکشن کرانے کے لئے تیاریاں شروع کردی۔ریٹر ننگ آفیسر گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ ایک گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجیدچیمہ نے نومینشن پیپرز کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت 25 ستمبر سے 30 ستمبر تک امیدوار نومینیشن فارم جمع کروائیں گے امیدواروں کی لسٹ یکم اکتوبر کو شائع کی جائیں گی 7 اکتوبر کو ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑ تال کریں گے امیدواروں کے کاغذات کی منظوری اور مسترد کے خلاف اپیلوں کی سماعت 11 اکتوبر کو ہوگی اور اپیلیٹ ٹریبونل 17 اکتوبر کو اپنا فیصلہ سنائیں گے اور نظر ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 18 اکتوبر کو شائع کی جائیں گی جبکہ 19 اکتوبر کو امیدوارایک دوسرے کے حق میں دست برداری کا اعلان کریں گی اور 20 اکتوبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیا جائے گا۔گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ 15 نومبرکو ہوگی۔ ترجمان نے تمام سیاسی و آذاد امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ مزکورہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر حلقہ ایک گلگت کے دفتر سے نومینشن پیپرز کی وصول کے بعد پر کرکے جمع کرادیں تاکہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ریٹرننگ آفیسر کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ نے واضح کردیا ہے کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر کے نگرانی میں تیاریاں مکمل ہیں حلقہ ایک میں الیکشن کمیشن کے جانب سے جاری نظم و ضبط،قوائد و ضوابط کے تحت شفاف پولنگ کروائیں ۔ ضلع استور سے موصولہ اطلاع کے مطابقڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ضلع استور محمد طارق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا.اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر/ریٹرننگ آفیسر حلقہ جی.بی.اے.14 استور 2 حسین شاہ,اسسٹنٹ کمشنر عمل در آمد تنویر احمد,تحصلدار ہیڈ کوارٹر مولاداد اور متعلقہ سٹاف شریک تھے.اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسران سکیورٹی سمیت دیگر ضروریات سے مطلق اپنا ڈیمانڈ قبل از وقت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو جمع کرائیں تاکہ بروقت اس مطلق الیکشن کمیشن سے رحوع کیا جاسکے ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد طارق نے دونوں حلقوں کے ریٹرننگ آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ وقت پر الیکشن سکیم تیار کرکے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں پہنچا دیں تاکہ الیکشن کمشن گلگت بلتستان اور مجاز حکام تک بروقت پہنچایا جاسکے.اس موقع پر ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد طارق نے دونوں حلقوں کی انتخابی فہرستیں متعلقہ ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے حوالے کی.ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں الیکشن سیل بھی قائم کیا جائے گا جو ہر وقت ریٹرننگ آفیسران اور الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے رابطہ کرے گا اور بروقت معلومات کا تبادلہ بھی کرے گا۔