چیئرمین نیب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلق شکایات سنیں‘ ازالہ کے احکامات
اسلام آباد (نامہ نگار) چئیرمین نیب جناب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک بھر سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔ نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنے فرائض اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کر رہے ہیں۔ نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں جن میں مکہ سٹی راولپنڈی، ارقم سٹی راولپنڈی، سرینہ سٹی راولپنڈی اور بحریہ ٹائون راولپنڈی اور کراچی ہائوسنگ سوسائٹی شامل ہے سے متعلق شکایات سنیں اور نیب کے متعلقہ علاقائی بیووز کو عوام کی متعلقہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے بارے میںشکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ چیئرمین نیب عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات انتہائی اطمینان اور تسلی کے ساتھ سنی جس پر ملک بھر سے آئے عوام نے اپنی شکایا ت کے ازالہ او ر چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ان کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے حل کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نیب کے تمام ڈی جیز/افسروں اور اہلکاران کو ہدایت دی کہ وہ کرپشن فری پاکستان کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہد اور قانون کے تمام تقاضوں کومد نظر رکھتے ہوئے مکمل کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کیمطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔