عمرہ ادائیگی کی مرحلہ وار بحالی
کرونا کے باعث 7 ماہ کی پابندی کے بعد سعودی عرب نے احتیاطی تدابیر کے تحت آئندہ ماہ -4 اکتوبر سے عمرہ کی ادائیگی مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان کر دیا، پہلے مرحلے میں (4 ۔ اکتوبر سے) اصل گنجائش کا 30 فیصد 6 ہزار سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن) کو عمرہ کی اجازت ہو گی ، دوسرا مرحلہ -18 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ اس میں بھی 15 ہزارتک مقامی سعودی شہری اور تارکین وطن سعادت عمرہ حاصل کر سکیں گے ، یکم نومبر 15 ربیع الاول سے غیر ملکیوں کو آنے کی اجازت ہو گی تاہم وزارت صحت ان ممالک سے زائرین کو آنے کی اجازت دے گی جہاں کرونا وائرس سے متعلقہ صحت کے مسائل نہ ہوں۔ سعودی حکومت کا اقدام و اعلان یقیناً عالم اسلام کیلئے مسرت و انبساط کا باعث ہے کیونکہ مسلمان 7 ماہ سے زیارت حرمین شریفین کیلئے تڑپ رہے ہیں اور پھر اس بار سعادت حج سے بھی محروم رہے۔ اس لئے عمرہ ادائیگی کی بحالی کا اعلان خوش آئند ہے تاہم اس حوالے سے اسلامی ملکوں کو بھی زائرین عمرہ کی صحت کے حوالے سے انتہائی اقدامات کرنے چاہئیں اور عازمین عمرہ کو بھی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔