مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے :عمران خان،پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر سے سب سے زیادہ متاثر ہیں: ترک صدر طیب اردوان

ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایک کانفرنس میں شرکت کے دوران خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں خونریزی کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ’نفرت انگیز مواد‘ کی روک تھام کے سلسلے میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس کانفرنس کا اہتمام پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا، ترک صدر رجب طیب اردوان بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ بھارت میں گائے کا گوشت کھانے پر مسلمانوں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم سے پہلے نفرت انگیز تقاریر جنم لیتی ہیں۔ پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر کا آسان ہدف ہیں۔
ترک صدر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری وادی جیل کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خون ریزی کا خدشہ ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے نفرت انگیز تقاریر اور اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ امتیازی سلوک اور مذہب پر مبنی تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ان کی وجوہات کا حل نکالنا ہوگا، دنیا میں امتیازی سلوک، مذہب اور عقیدت پر مبنی تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے میں بنیادی حقوق سے محرومی انتہا پسندی کوجنم دیتی ہے، دنیا بھر کی مختلف کمیونٹیز کے درمیان برداشت اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نفرت انگیز تقاریر اور اسلامو فوبیا کےخاتمے کے لیے مؤثراقدامات کی ضرورت ہے، نفرت انگیر تقاریر کی روک تھام کا بیانیہ تشکیل دینے کے لیے اقوام متحدہ اہم پلیٹ فارم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نےمذہب کی آڑ میں امتیازی سلوک، تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا، اور اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں مقدس ہستیوں کی توہین کے خلاف خبردار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ رسول پاکﷺکی شان میں گستاخی سے ہر مسلمان کا دل بے انتہا مجروح ہوتا ہے.مغرب میں ہالوکاسٹ پر بات نہیں کی جاتی کیونکہ اس سے یہودیوں کی دل آزاری ہوتی ہے. ہمارے پیغمبرﷺکی شان میں گستاخی سے مسلمانوں کی شدید دل آزاری ہوتی ہے
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار افسوس بھی کیا۔