اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوںمیں 3 روزہ انسداد پولیو مہم
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکی ضلعی انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ نے 3 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوںمیں 5 سال سے کم عمر کے 3 لاکھ 8 ہزار 459 بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ سی ڈی اے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے شعبہ ہیلتھ کے حکام نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے 3 لاکھ 8 ہزار 459 بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور مقررہ ہدف باآسانی مکمل کر لیا جائے گا۔ سی ڈی اے ہیلتھ سروسز شعبہ کے مطابق شہری علاقوں میں اس دوران ایک لاکھ 48 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی اس ضمن میں 600 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اسلام آباد کو 25 زونز میں تقسیم کرکے 25 زونل انچارج اور 111 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں جو پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ پولیو کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو ٹیمیں بہتر طریقے سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا سکیں۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ایک لاکھ60 ہزر 459 بچوں کو پولیو سے بچائو کیلئے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے459 موبائل ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔ دیہی علاقوں میں 33 فکسڈ پوائنٹس اور 22ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں ۔اسی طرح 108ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ مہم کیلئے 514 ٹیمیں تشکیل دی گئی۔