بلدیاتی نظام کو بلاتاخیر حتمی شکل دینے کا حکومتی عزم
وزیراعظم عمران خان نے لوکل باڈیز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نئے بلدیاتی نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔
لوکل باڈیز سسٹم جمہوریت کی بنیاد ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے اقتدار اور اختیارات کو گراس روٹ لیول تک پہنچانا ممکن اور آئینی و قانونی طریقہ ہے۔ بدقسمتی سے بلدیاتی نظام کے ثمرات عوام تک اطمینان بخش طریقے سے نہ پہنچ سکے۔ اسے آمروں اور جمہوری حکمرانوں نے بھی اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ جو کام بلدیاتی اداروں کے توسط سے ہونا تھے وہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو سونپ دئیے گئے جن کا بنیادی کام قانون سازی ہے۔ فنڈز کی کشش کے باعث قانون سازی ثانوی حیثیت اختیار کر گئی۔گزشتہ ادوار میں بلدیاتی اداروں کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ اداروں کی مدت کی تکمیل کے بعد انتخابات کرانے سے گریز کی پالیسی اختیار کی گئی۔ سپریم کورٹ کے زور دینے پر انتخابات کی کارروائی ڈال دی گئی۔ بلدیاتی اداروں کے مالیاتی اور انتظامی اختیارات محدود کر دئیے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام کو بلا تاخیر حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔ جس سے ان اداروں کے مالیاتی اور انتظامی اختیارات میں اضافے کی امید کی جا سکتی ہے۔ ایسا ہو گا تو اداروں کی افادیت بڑھے گی اور جمہوریت کی بنیادی اکائی کے مضبوط ہونے سے جمہوریت مستحکم اور مضبوط ہوگی۔ تحریک انصاف بلدیاتی نظام میں جو تبدیلی لانا چاہتی ہے اس میں بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت کی جائے اور کوشش ہونی چاہئے کہ مجوزہ تبدیلیاں اس نظام سے وابستگان کی بڑی اکثریت کیلئے قابل قبول ہوں۔