افغان پولیس اہلکاروں کو گرم کپڑوں کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے : رپورٹ
واشنگٹن (رائٹرز) امریکی حکومت کے ایک نگران ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے افغان پولیس کو رواں موسم سرما میں کپڑوں کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے سبب ان کی طالبان کے خلاف لڑنے کی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سپیشل انسپکٹر جنرل برائے تعمیرنو افغانستان (SIGAR) نے میڈیا کو بتایا یہ کمی آئندہ برس تک بھی ہو سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے موسم کی سختیوں سے نمٹنے کیلئے 90 ہزار کوٹ درکار ہیں۔ افغان فوجیوں کو تربیت دینے والے ادارے (سی ایس ٹی سی اے) نے 75000 کوٹ بنوانے کا آرڈر دیا تھا جو رواں برس جولائی میں افغان پولیس کو ملنے تھے لیکن ابھی تک ڈلیوری نہیں ہو سکی۔