جہاد کی بات کرنے‘ امریکہ کو بددعائیں دینے پر علماء کے وارنٹ جاری ہو رہے ہیں: سمیع الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ عالم کفر نے اکٹھے ہوکر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی نام لیوا امت مسلمہ کو نار نمرود میں ڈال دیا ہے اور کچھ لوگ کافروں کی بھڑکائی ہوئی اس آگ کو پھونک پھونک کر مزید تیز کررہے ہیں جبکہ صلیبی طاقتوں کی لگائی گئی آگ کا مقابلہ امت مسلمہ اور ان کے حکمرانوں کے اتحاد اور جذبہ قربانی سے کیا جاسکتا ہے ۔ مولانا سمیع الحق عیدالاضحی کے موقع پر اکوڑہ خٹک اور گردونواح کے واحد نماز عید کے موقع پر عیدگاہ دارالعلوم حقانیہ میں خطاب کررہے تھے ۔ سمیع الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران دشمنوں کی خوشنودی میں اتنے اندھے ہوچکے ہیںکہ جید علماء خطباء اور پرامن مذہبی رہنماؤں کے نام اس جرم میں وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں کہ وہ جمعہ کے خطبات میں جہاد کی بات کرتے اور امریکہ کو بددعائیں دیتے ہیں اور بڑی ڈھٹائی سے اللہ کے کلام سنانے اور آیات جہاد کو بھی فرد جرم میں بطور جرم علانیہ درج کرکے تھانوں کے ذریعہ بھیج رہی ہیں جبکہ انگریز نے اپنے دو سوسالہ حکومت میں ایسی جرات کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔