وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی فرمائش بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم کے میچز لاہور سے کراچی منتقل
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش کی وویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران میچوں کی لاہور سے کراچی منتقلی کا فیصلہ بنگلہ دیش کی حکومت کے کہنے پر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کی خواہش تھی کہ انکی ٹیم کو پاکستان میں کم سے کم سفر کرنا پڑے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش وویمنز کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان میں لاہور اور کراچی میں میچز کھیلنا تھے۔تاہم حسینہ واجد اس دورے میں اپنی خواتین کرکٹ ٹیم کے معاملات میں خاصی دلچسپی لے رہی ہیں انہوں نے دورے کے تمام میچز ایک ہی شہر میں کروانے پر زور دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو مہمان ٹیم کی وزیراعظم کا پیغام پہنچایا گیا۔حسینہ واجد کے پیغام کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کو ہر حال میں ممکن بنانے کے لئے دورے کے تمام میچز کے کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام میچز کراچی میں کروانے کا فیصلہ کر لیا۔بعض ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ حسینہ واجد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے اس معاملے پر خود بھی بات کی تھی۔زمبابوے کے دورہ پاکستان کے بعد کسی بھی ٹیسٹ سٹیٹس رکھنے والے ملک کی خواتین کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔بنگلہ دیش کی وویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان میں دو ٹونٹی ٹونٹی اور دو ایک روزہ میچ کھیلے گی۔