کراچی: فلیٹ میں آ تشزدگی‘ معمر بہن بھائی زندہ جل گئے
کراچی (کرائم رپورٹر) محمود آباد کے علاقے کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں فلیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں معمر بہن بھائی زندہ جل گئے۔ تفصیلات کے مطابق 68 سالہ نعیمہ خاتون اور اس کا بھائی 65 سالہ محمد اسلم اپنے بھائی 60 سالہ ہارون‘ 40 سالہ روبینہ اور بھانجی 30 سالہ عائشہ کے ہمراہ فرسٹ فلور پر واقع فلیٹ میں سو رہے تھے۔گزشتہ شب اسلم سگریٹ پیتے ہوئے سو گیا اور جلتی ہوئی سگریٹ بستر پر گرنے سے کمرے میں آگ لگ گئی۔ اسی دوران گھر میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے ہارون‘ روبینہ اور عائشہ فلیٹ سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسلم اور نعیمہ کو کمرے سے نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم اس دوران دونوں بہن بھائی کی نعشیں جل کر کوئلہ بن چکی تھیں جبکہ گھر کا سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے فلیٹ میں رہنے والے چاروں بہن بھائی غیر شادی شدہ تھے جبکہ ان کی بھانجی عائشہ ان کی دیکھ بھال کرتی تھی۔
بہن بھائی زندہ جل گئے