ذاتی اور مسلکی مفادات سے بالا ہو کر انتہا پسندانہ رویوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا : صدر‘ وزیراعظم
اسلام آباد+لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ذاتی، مسلکی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر انتہاپسندانہ رویوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں مصروف ہیں، کامیابی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ عیدالاضحی پر صدر ممنون حسین نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں اس قربانی کی عملی مثال قائم کرنا ہوگی کیونکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ایثار و قربانی اور اخوت کے جذبے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ہمیں اپنے اُن جوانوں اور بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا اور وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں خودکو امر کر لیا۔آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے جب انہوں نے حکم خدا وندی کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہوئے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربانی کیلئے پیش کرکے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔ پرمسرت موقع پرسچے پاکستانی کی حیثیت سے ہمیں ان بہن بھائیوں کی گراں قدر قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قربانی اپنے آپ کو اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے، افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے ، یہی وہ جذبہ ہے جو قوموں کو آگے لے کر جاتا ہے۔ ہمیں ذاتی ، مسلکی ، گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر انتہا پسندانہ رویّوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میںعیدالاضحی کے پُر مسرت موقع پر تمام اہل وطن اور مسلمانوں کو مبارکباد پےش کرتا ہوں۔ دریں اثناءگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سنت ابراہیمیؑ ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو اس ملک کی عزت و عظمت کی خاطر دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے ملک پر قربان ہو گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف نے کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارا اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام اور قربانی ہے۔ وزیراعلیٰ نے عید کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے موقع پر مسائل کے گھرے اپنے بہن بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہئے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرکے اپنا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے عید الاضحی پر ساری دنیا کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ آج کے دن ہمیں ان بھائی بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو زندگی میں تکالیف اور صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور انہیں حقیقی خوشی میسر نہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے عیدالاضحی پر کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ملک میں ایک بار پھر سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کا موقع دیا۔ امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عید الاضحی مسلمانوں کو ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے۔ مسلمان عید کی خوشیوں میںکشمیر، فلسطین و دنیا بھرکے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں اور سیلاب متاثرین کو ضرور یاد رکھیں۔ مصائب و مشکلات میں گھرے متاثرہ بھائیوں، غرباءو مساکین، کشمیری مہاجرین، ورثاءشہداءاور مستحقین کو عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ مخیرحضرات کو چاہیے کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اور لیاقت بلوچ نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کی طرف سے اپنے بندوں کیلئے ایک تحفہ اور انعام ہے۔ حضرت ابراہیم اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل ؑ نے اللہ کے حضور جو عظیم قربانی پیش کی وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آج کا پیغام یہ ہے کہ ہم بھی یکسوئی کے ساتھ اللہ کے احکامات کی فرمانبرداری میں اپنا سب کچھ قربانی کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کو بھی یاد رکھنا چاہیے، غربا کو شامل کیے بغیر عید کی خوشیاں مکمل نہیں ہو سکتیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے نائیجریا کی مارکیٹ میں بم دھماکہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سربراہ عوامی تحریک طاہر القادری نے عوامی تحریک کے کارکنوں اور اہل پاکستان سے اپیل کی کہ وہ حج کے دوران پیش آنے والے سانحات، پشاور دہشت گردی کے باعث عید سادگی سے منائیں اور مبارک دن کی مناسبت سے ملک و قوم اور عالم اسلام کی خیر و سلامتی، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ فلسفہ قربانی مسلمانوں میں ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں یہ عزم کرنا ہوگا کہ قربانی کے جانوروں کی طرح اپنی نفسانی خواہشات کو بھی قربان کردیں گے۔ دریں اثناءاپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے پوری قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ نظام کے خاتمے اور ملکی استحکام کیلئے قوم کو آج کے دن اس بات کا بھی عہد کرنا ہوگا کہ وہ ظالموں کے سامنے جھکنے کی بجائے حق اور سچ کا ساتھ دیں گے۔
پیغامات