سندھ اسمبلی: شادیوں میں ون ڈش، جہیز، بچوں کی شادیوں پر پابندی کے بل پیش
کراچی (نوائے وقت نیوز+ ثناء نیوز) سندھ اسمبلی میں شرمیلا فاروقی نے سندھ جہیز ممانعت بل صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ ایوان میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ گذشتہ روز اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے شادی کی تقاریب میں بے جا اخراجات پر پابندی کا بل 2013ء پیش کیا۔ جس کے تحت صرف شادی کا گھر ہی سجایا جا سکے گا۔ مہمانوں کی تواضع ون ڈش، چائے، کافی مشروبات یا سنیکس سے کی جائے گی، پابندی کا اطلاق تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، پرائیویٹ کیٹررز اور ان تمام افراد پر ہو گا جو شادی کی تقریبات میں کھانا پکانے اور اسکا اہتمام کرنے کے پیشے سے منسلک ہیں، آتش بازی، پٹاخے، فائرنگ وغیرہ پر پابندی ہو گی۔ ایوان میں کراچی کے رہائشی علاقوں میں صبح سے نصف رات تک بڑی گاڑیوں کی آمدورفت اور نشہ آور اشیا کی خرید و فروخت پر پابندی کی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ کم عمر بچیوں کی شادی پر پابندی کا بل بھی پیش کیا گیا۔ شادی کی تقیرب میں بے جا اخراجات، کم عمری کی شادیوں اور جہیز پر پابندی کے اپنے افادیت بیان کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ شادی میں بے جا اخراجات کی روایات نے غریب لوگوں کے لئے مسائل پیدا کر دئیے ہیں۔ شادیوں میں ’’ون ڈش‘‘ کی پابندی کرائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جہیز نہ ہونے کی وجہ سے کئی غریب لڑکیوں کی شادیاں نہیں ہو سکتیں اور وہ خودکشی کرلیتی ہیں۔ جہیز پر پابندی لگانے میں کوئی مذہبی رکاوٹ بھی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کم عمر لڑکیوں کی شادیاں کر دی جاتی ہیں، یہ بہت بڑا ظلم ہے۔ اس کا بھی تدارک کیا جانا چاہئے۔ ایم کیو ایم کی رعنا انصار کی پیش کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ شادی کیلئے لڑکے لڑکی کی عمر 18سال مقرر کی جائے۔ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے انکشاف کیا کہ کراچی کے علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس میں 50فیصد سے زائد ریسٹورنٹس پر شراب کھلے عام فراہم کی جاتی ہے۔ ان ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس پر صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار نے کہا کہ حکومت نے صرف فائیو سٹار ہوٹلز کو غیرملکیوں کو شراب فروخت کرنے کا لائسنس دیا ہوا ہے۔ ان ریسٹورنٹس کو شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ معزز رکن خرم شیر زمان نے پہلے اس مسئلے کی نشاندہی کی تھی کہ کلفٹن اور ڈیفنس کے علاقوں پر سڑکوں پر عصمت فروشی کرنے والے لوگ کھڑے ہوتے ہیں۔ اب انہوں نے ریسٹورنٹس میں شراب کے استعمال کی نشاندہی کی ہے۔ یہ بہت اہم ایشوز ہیں۔ حکومت کو اس کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔