شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزنے مسجد نبوی کے بڑے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا. مسجد نبوی میں گنجائش آٹھ لاکھ سے بڑھ کراٹھائیس لاکھ ہوجائے گی۔

25 ستمبر 2012 (15:40)

مسجد نبوی میں اب تک ہونے والے توسیعی منصوبوں میں یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے، جسے تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مسجد نبوی کے مشرقی اور مغربی جانب توسیع کی جائے گی اورمزید آٹھ سے بارہ لاکھ نمازیوں کیلئے گنجائش پیدا کی جائے گی۔ تیسرے اور آخری مرحلے کی تکمیل کے بعد مسجد نبوی میں اٹھائیس لاکھ افراد نماز ادا کر سکیں گے۔ شاہ عبداللہ بن عبد العزیز کی زیر نگرانی الحرمین الشریفین کے توسیعی منصوبے کا یہ دوسرا بڑا پراجیکٹ ہے۔ اس سے قبل حج سیزن کے باوجود مکہ مکرمہ میں سعی، رمی، جمرات اور مسجد حرام کی توسیع کا کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جدہ سے مکہ مکرمہ تک ایک ریلوے لائن بچھائی جا رہی ہے، اس سے نہ صرف حجاج اورمعتمرین کو مکہ مکرمہ تک فوری رسائی کی سہولت حاصل ہو گی بلکہ جدہ کے شہری بھی پانچوں نمازیں مسجد حرم میں ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔