لاہور پولیس نے دہشتگردوں پر نظر رکھنے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل شروع کردیا۔
لاہور پولیس نے دہشت گردوں اور تخریب کاروں پر نظر رکھنے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ماڈرن چیک پوسٹوں کے قیام کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس نے گیارہ داخلی و خارجی مقامات منتخب کیے ہیں۔ سی سی پی او لاہور محمد اسلم ترین نے سگیاں پل اور شیرا کوٹ پرقائم ماڈرن پولیس پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب وقت کی اہم ضرورت ہے،اس سے دہشت گردوں پر نظر رکھنے میں آسانی ہوگی۔
سی سی پی او اسلم ترین کا کہنا تھا کہ جلد ہی شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سميت پوليس ناکوں پر بھی سی سی ٹی وی کيمرے نصب کردیئے جائیں گے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ماڈرن پولیس پوسٹوں کے قیام کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینا اچھا اقدام ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی نیک نیتی سے ادا کریں تاکہ عوام کو دہشت گردی سے نجات مل سکے۔