لیبیا : فوج کی مسلح گروہوں کو ریاستی و فوجی املاک چھوڑنے کےلئے 48 گھنٹے کی مہلت

25 ستمبر 2012
لیبیا : فوج کی مسلح گروہوں کو ریاستی و فوجی املاک چھوڑنے کےلئے 48 گھنٹے کی مہلت

تریپولی (آن لائن) لیبیا کی فوج نے مسلح گروہوں کو ریاستی اور فوجی املاک چھوڑنے کے لیے اڑتالیس گھنٹے کی مہلت دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت طرابلس میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک کمپلیکس سے ایک غیر قانونی مسلح گروہ کو نکال دیا گیا ہے۔ افریقہ رواں ماہ امریکہ میں توہین آمیز فلم کے خلاف بن غازی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والے مظاہرے پر تشدد ہوگئے تھے اور اطلاعات ہیں کہ دہشتگرد گروہ نے موقع کا فائدہ اٹھایا تھا۔ اس پرتشدد واقعے کے بعد لیبیا میں عبوری حکمران لیبیا نیشنل کانگرس کے سربراہ محمد مغاریف نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں تمام غیر قانونی مسلح گروہوں کو ختم کر دیا جائے گا۔اس فیصلے کا مسلح گروہوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے خیر مقدم کیا ہے۔