تحریک انصاف 28 ستمبر کو ممبران کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کریگی
ملتان (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل کمیٹی اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ہونیوالے متفقہ فیصلوں کی روشنی میں جماعتی انتخابات کے لئے 1 کروڑ چھ لاکھ ممبران کی مکمل فہرست 28 ستمبر تک ویب سائیٹ پر لوڈ کر دی جائے گی جسے تمام ممبران شناختی کارڈ کے ذریعے ممبر سازی بارے تفصیلات سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما مفتی عبدالقوی نے ڈاکٹر خالد خان خاکوانی‘ میجر (ر) مجیب احمد خان‘ اعظم خاکوانی اور ندیم قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو سی کی سطح پر 17 ممبران بشمول 4 خواتین پر مشتمل پینل بذریعہ ووٹ منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کاررواں 6 اکتوبر کو اسلام آباد سے وزیرستان کے لئے روانہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لاکھوں پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے مبصرین‘ میڈیا نمائندگان بھی موجود ہونگے اور امریکی مظالم اور ڈرون حملوں میں بے گناہ انسانوں کی ہلاکت بارے اپنے اپنے عوام کو آگاہی دیں گے۔