یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے تین پرائیویٹ میڈیکل کالج غیر قانونی قرار دےدئیے

25 ستمبر 2012

ملتان ( وقائع نگار خصوصی) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے پنجاب کے تین پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔اس سلسلہ میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی طرف سے ڈاکٹر بننے کی خواہش مند بچوں کے والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگر ان میڈیکل کالجز میں داخلہ لیں گے تو وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ ان میں یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری یونیورسٹی آف لاہور‘ عذرا ناہید میڈیکل کالج لاہور اور آمنہ عنایت میڈیکل کالج شیخوپورہ شامل ہیں۔ یونیورسٹی کی طرف سے ویب سائٹ پر جاری پبلک الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سیکشن 37 ترمیمی ایکٹ 2009کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔