ایشیاءکبڈی کپ کیلئے ٹرائلز، تربیتی کیمپ کیلئے کل اسلام آباد میں شروع ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کبڈی فیڈریشن نے دوسرے ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ میں 25 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب منٹو پارک لاہور میں ہونے والے ایک روزہ ٹرائلز کے بعد کیا گیا۔ ٹرائلز میں ملک بھر سے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 26 ستمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی قیصر مصطفٰی، پروفیسر ظفر گجر، طاہر وحید بٹ اور محمد حسین پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے ٹرائلز کا جائزہ لیا جس کے بعد 25 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا۔ اعلان کردہ سکواڈ میں محمد نعیم، خالد بھٹی، اکمل ڈوگر، اشفاق، رانا محمد نعیم، وحید، اعجاز، عاطف، فیصل، فاروق، آصف، ہارون، محسن، محمد عرفان، عبید اﷲ، محمد منشا، وقاص علی، سعد اﷲ، وقاص رحیم، صدیق بٹ، محمد شفیق بٹ، بابر وسیم، شفیق حسین، کاشف اور مشرف جاوید شامل ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سلیکشن کمیٹی کرنل قیصر مصطفٰی نے کہا کہ ٹرائلز میں ملک بھر سے 200 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں مختلف محکموں کے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ کیمپ کے دوران اگر کسی کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ لینا درکار ہوا تو لازمی لیا جائے گا۔