پُرتشدد احتجاج کا جائزہ لینے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے کمیٹی قائم کر دی
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے توہین آمیز خاکے دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں تمام ممالک نوٹس لیں کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے۔ عشق مصطفٰی کا دم بھرنے والوں کے ہاتھوں پولیس اور اپنے ہی لوگوں سمیت املاک کو نقصان پہنچانا، ہلڑ بازی نامناسب تھا۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت کی کمیٹی بنائی گئی ہے جو تمام محرکات کا جائزہ لے گی۔ جو ان مذہبی جماعتوں کا بھی جائزہ لے گی جنہوں نے کال دی اور پھر غائب ہو گئیں۔ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا وہ کسی کے آلہ¿ کار تو نہیں بنے جس سے اسلام اور مسلمانوں کی جگ ہنسائی ہوئی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈی سی اوز نے یوم عشق رسول کے حوالے سے اپنی رپورٹس پیش کی جبکہ اس موقع پر ناخوشگوار واقعات کے محرکات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بھی قائم کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا یکم اکتوبر کو لاہور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی جائیگی جس کی صدارت نوازشریف کرینگے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا اجلاس میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے۔