وہی بات کی جو نبی اکرم سے محبت کرنے والے ہر شخص کی سوچ ہے : غلام بلور

25 ستمبر 2012
وہی بات کی جو نبی اکرم سے محبت کرنے والے ہر شخص کی سوچ ہے : غلام بلور

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ نبی اکرم کی شان کیلئے کٹ مرنا سعادت سمجھتا ہوں اگر مجھے اپنے نبی اکرم کیلئے تختہ دار پر چڑھنا پڑے تو اس سے بھی دریغ نہیں کروں گا۔ نبی اکرم کی عظمت کے سامنے سیاست اور وزارت کی کوئی اہمیت نہیں، میں نے گستاخانہ فلم بنانے کے خلاف قتل کیلئے ایک لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر کے حکومت کو پریشان کن صورت حال سے دوچار نہیں کیا بلکہ ان قوتوں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے جو اس واقعہ کی آڑ میں حکومت کے خلاف نظام مصطفی کی طرز پر تحریک چلانا چاہتی تھیں، میں نے اپنے جذبات کا اظہار کرکے یہ بتا دیا ہے کہ ہم وہی سوچ رکھتے ہیں جو ایک عاشق رسول رکھتا ہے ۔ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ پی پی قیادت کی طرف سے استعفیٰ دینے کیلئے دباﺅ ہے اور نہ ہی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ان سے استعفیٰ مانگا ہے ، میرے لئے نبی اکرم سے محبت و عقیدت پر اپنی زندگی، وزارت و سیاست کی کوئی اہمیت نہیں، اپنی زندگی نبی اکرم کی شان پر قربان کرنے کیلئے جذبہ رکھتا ہوں، پچھلے 21 سال سے ہر سال رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد نبوی میں نبی اکرم کے قدموں میں گزارتا ہوں۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ میں نے لگی لپٹی رکھے بغیر وہ بات کی جو نبی اکرم سے محبت کرنے والے ہر شخص کی سوچ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور پختون ہونے کے ناطے اپنا بیان واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔