تاج پورہ میں نکاسی آب کا انتظام ٹھیک کرانے کا مطالبہ

25 ستمبر 2012

مکرمی! ہم اہل محلہ ساکن نیو اولمپک پارک نزد گجا پیر دربار تاج پورہ لاہور چیئرمین ایل ڈی اے کی توجہ مندرجہ ذیل انتہائی اہم مسائل کی طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ ہمارے محلہ میں نکاسی آب یعنی سیوریج کا کوئی انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے استعمال شدہ پانی ایک خالی پلاٹ اور گلیوں میں جمع ہو جاتا ہے جو کہ مچھروں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں اور گزشتہ سال ڈینگی بخار کی وجہ سے تین چار اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔ مزید براں لوگوں کو آنے جانے میں بڑی دشواری ہوتی ہے۔ عموماً بارش کے موسم میں تو یہاں سے گزرنا محال ہو جاتا ہے کیونکہ محلے کی تقریباً تمام گلیاں کچی ہیں اور بڑی سڑک بھی نہیں بنی جو کہ اس وقت کچی ہیں اور کئی جگہ سے اونچی نیچی ہے۔ سڑک بنانا بھی بہت ضروری ہے۔ مزید یہ کہ ساتھ والی گلی جہاں سیوریج موجود ہے، ہر وقت بند رہتا ہے اور اس کا گندا پانی بھی اوورفلو ہو کر خالی پلاٹ کا رخ کرتا ہے۔ علاقے کا کوڑا کرکٹ ایک خالی پلاٹ میں جمع ہو رہا ہے جس کی وجہ سے انتہا قسم کی گندگی اور تعفن پھیلا ہوا ہے جو مختلف بیماریوں کا موجب بن رہا ہے۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کوئی خاصر خواہ انتظام نہیں ہے۔ ہماری گلیاں بالکل کچی ہیں اور کوئی سولنگ وغیرہ نہیں ہے اور نہ ہی واٹر سپلائی کا کوئی انتظام ہے جس کی وجہ سے اہل محلہ کافی مشکلات سے دوچار ہیں۔ پرزور اپیل ہے کہ براہ مہربانی نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا مکمل انتظام کیا جائے اور ہمارے علاقے کا سروے کر کے گلیاں اور سڑک کو پختہ کرانے کے آرڈر فرمائیں اور سپلائی کے پائپ بچھائے جانے کا انتظام کیا جائے۔ (ملک رب نواز عرف ٹچو اور اہل محلہ ساکن نیو اولمپک پارک ررزاق کالونی نزد گجا پیر دربار تاجپورہ لاہور۔ موبائل نمبر 0332-4534266)