لاہور چیمبر نے ملک کو فقید المثال قیادت فراہم کی ہے:افتخار ملک
کراچی(کامرس رپورٹر) وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے سابق صدر اور سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر جمہوری روایات کا امین ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ لاہور چیمبر کے انتخابات میں 22ہزار سے زائدارکان میں سے 80فیصد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور چیمبر کے انتخابات میں افتخار علی ملک کے پینل نے کامیابی حاصل کی ہے۔افتخار ملک نے کہاکہ لاہور چیمبر نے ملک کو فقید المثال قیادت فراہم کی ہے ان میں میاں نواز شریف‘ اسحاق ڈار‘ شہباز شریف اور لاتعداد شخصیات شامل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے انتخابات سے پنجاب کے چیمبرز کے انتخابات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور ان کے یہاں بھی متحرک اورفقید المثال قیادت ابھر کر سامنے آئے گی۔ جبکہ فیڈریشن میں بھی ایسی متحرک قیادت منتخب ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اس بھاری مینڈیٹ اوراعتماد پر وہ تاجروں کے مشکور وممنون ہیں اورانہیں یقین دلاتے ہیں کہ نئی قیادت ملک کی معیشت کی ڈوبتی ناڑ کو نہ صرف بچائے گی بلکہ معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کرے گی اورلاہور چیمبر جو جمہوری روایات کا امین اورعلم بردار ہے ۔ معاشی ترقی کے لئے ا پنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔