کے ای ایس سی نے آئی ٹی سی این کانفرنس میں توانائی بچت کا پیغام پہنچایا

25 ستمبر 2012
کے ای ایس سی نے آئی ٹی سی این کانفرنس میں توانائی بچت کا پیغام پہنچایا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی( کے ای ایس سی) کی انرجی کنزرویشن ٹیم نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ تین روزہ 12 ویں انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیونیکیشن نیٹ ورک ایشیا کانفرنس میںبجلی کے تقریباً50,000 صارفین کو توانائی کی بچت کا پیغام پہنچایا ۔ کے ای ایس سی نے نمائش میں عوام کو معلومات کی فراہمی کے لئے ایک کیوسک قائم کیا تھا جہاں انرجی کنزرویشن کی ٹیم نے توانائی کی بچت کے اقدامات (ECI) کے بارے میں آگاہی دی۔ اس کے علاوہ کے ای ایس سی نے کیوسک کا دورہ کرنے والے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کی اور ان کے درمیان لیفلٹس اور پمفلٹس کی تقسیم اور EC ڈیمو بورڈ کی نمائش بھی کی ۔وہاں دورہ کرنے والے افراد نے بجلی کی بچت کے طریقوں کو صارفین کی جانب سے اپنانے کےلئے کوششوں پر کے ای ایس سی کے کردار کی تعریف کی۔ کے ای ایس سی کے ڈائرکٹر انرجی کنزرویشن ، آصف حسین صدیقی، نے اندرونی وسائل کے استعمال سے ایکسپو کے اندر اور باہر بینرز اور اسٹینڈیز کو آویزاں کرنے کی نگرانی کی اور اس موقع پر ہدایات دیں ، جن کا مقصدعوام میں کام کی جگہوں اور گھروں میں بجلی کے کم سے کم استعمال کے شعور کا فروغ تھا ۔وہ لوگ جنہوں نے کے ای ایس سی کیوسک کا دورہ کیا ان میں صوبائی وزیر حکومت سندھ برائے امور نوجوانان سید فیصل علی سبز واری ، فاطمہ ثریا بجیا، ای کامرس گیٹ وے کے جی ایم سیلز، طارق مظفر اور کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، سر سید یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، شیخ زید یونیورسٹی اور علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طلباءکی بڑی تعداد شامل تھی۔