500کے پرانے بڑے سائز والے نوٹ تبدیل کرانے کی ہدایت

25 ستمبر 2012

کراچی(کامرس رپورٹر)پانچ سو روپے کے پرانے ڈیزائن والے بڑے سائز کے نوٹ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر اور تمام بینکوں کی شاخوں سے تبدیل کرانے کی مدت ختم ہونے میں 7 روز باقی رہ گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس بی پی بی ایس سی یکم اکتوبر 2012ءکے بعد نہ تو یہ بینک نوٹ تبدیل کرے گا اور نہ ہی اس کی قیمت کسی فرد یا بینک کو ادا کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔چنانچہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو ایک بار پھر ان کے مفاد میں ہدایت کی ہے کہ وہ 500 روپے کے پرانے ڈیزائن والے بڑے سائز کے نوٹ ملک بھر میں قائم ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر اور بینکوں کی 10 ہزار سے زائد شاخوں سے یکم اکتوبر 2012ءتک بینکاری اوقات کے دوران تبدیل کرالیں۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 500 روپے کے پرانے ڈیزائن والے بڑے سائز کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم کی جاچکی ہے چنانچہ اس نوٹ کو قانونی طور پر لین دین کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔