ایم پی اے کا دورہ سہولت بازار جتوئی‘ ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی
سبائیوالہ (نامہ نگار) خرم خان لغاری ممبر پنجاب اسمبلی ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی نے رانا محمد خلیل، خالد محمود، صدام حسین نچرانی، صادق خان جتوئی، یسین جوئیہ ودیگر کے ہمراہ جتوئی کے سہولت بازار کا دورہ کیا جہاں پر شہریوں نے ناقص انتظامات اور اشیاء خوردونوش مہنگی فروخت کرنے، آٹا کی ناقص کوالٹی، چینی کا سٹاک موجود نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کے خلاف شکایات کے ڈھیر لگا دیئے جس پر خرم خان لغاری نے انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انتظامیہ کو فوری ہدایات کی کہ شہریوں کو حکومت کے ویژن کے مطابق سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کروں گا متعلقہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔