پولیو سے نجات کیلئے معاشرے کے ہر فرد کوکردار ادا کرنا ہوگا: سہیل لاشاری

25 اکتوبر 2013

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے تمام طبقات ہائے فکر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ نئی نسل کو معذوری سے بچایا جاسکے۔ یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پولیو کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف ماہرین نے کہی۔ سیمینار کا انعقاد روٹری کلب اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مقررین میں عتیق الرحمن رانا، تعظیم احمد، شیخ پرویز، انتھونی رچرڈز، میاں زاہد جاوید اور جی آر صدیقی شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے پولیو کے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے اور پولیو کے قطرے مہیا کرنے پر روٹری کلب کو سراہا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنایا جائے ۔ سوزو واٹر پارک میں معذور بچوں کے مفت داخلے کا اعلان بھی کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس بیماری کے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن ادامات اٹھائے گا۔