نواز شریف، اوباما ملاقات کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے: تاجر برادری

25 اکتوبر 2013

لاہور (کامرس رپورٹر)کاروباری برادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے امریکی صدر بارک اوبامہ سے مذاکرات کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔اس امر کا اظہارلاہور چیمبر کے صدر سہیل لاشاری، عبدالباسط، آغا سیدین اور خواجہ خاور رشید، میا ں محمد سعید کھوکھر ، اشرف بھٹی ، خواجہ محمود ریاض ،لوہا مارکیٹ بادامی باغ کے تاجر فاروق عاقل نے اپنے ردعمل میں کیا ہے ۔لاہور چیمبر کے صدر سہیل لاشاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے امریکی صدر بارک اوبامہ کے ساتھ پاکستان میں دہشت گردی،توانائی بحران اور بھارت سے تعلقات کے حوالے سے اپنا بھرپور موقف پیش کیا ۔لاہور چیمبر حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات کے پاکستان کی معیشت اور صنعت و تجارت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ کے باعث 45ہزار پاکستانی شہید ہوئے اور 100ارب ڈالر کا معیشت کو نقصان پہنچالیکن امریکہ نے اس کے بدلے میں گزشتہ دس برس میں صرف 25ارب ڈالر امداد دی ۔پاکستان کو امریکہ سے اب اسی صورت میں فائدہ پہنچ سکتا ہے اگر وہ پاکستان کے 72ارب ڈالر کے قرضے معاف کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔