نوجوان ڈاکٹر ماہرین امراض قلب کے تجربات سے استفادہ کریں: پروفیسر شہریار

25 اکتوبر 2013

لاہور(نیوزرپورٹر) معروف کارڈیالوجسٹ پروفیسر شہریار احمد شیخ نے کہا کہ امراض قلب کے موضوع پر یہ بین الاقوامی تین روزہ کانفرنس مقامی ڈاکٹروں کو دل کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے سلسلے میں جدید تحقیق اور علاج کے نئے طریقوں سے روشناس کرانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی میں مہمان خصوصی کے طور پر کیا۔ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر بلال زکریا ، پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک ،ڈاکٹر بلال ایس محی الدین، ڈاکٹر عامر بندیشہ نے سرانجام دیئے۔ پروفیسر شہریار احمد شیخ نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹر نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کے مایہ ناز ماہرین کے علم اور تجربے سے بھرپور استفادہ کریں۔ چیف ایگزیکٹو پی آئی سی پروفیسر بلال زکریا خان نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صحت مند پنجاب کے نعرے کو حقیقت بنانے کے لیے نوجوان ڈاکٹروں کو میدان میں اترنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نئے ہسپتالوں میں ماہرین امراض قلب کی اشد ضرورت ہے جسے پورا کرنے میں پی آئی سی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے پہلے روز پی آئی سی سے ویڈیو لنک سے مختلف پروسیجرز کانفرنس کے شرکاءکو براہ راست دکھائے گئے- علاوہ ازیں سینئر ڈاکٹرز نے دل کی بیماریوں کے بارے میں لیکچرز دیئے۔ پاکستان کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، بھارت اور دیگر ممالک کے ماہرین امراض قلب نے شرکت کی۔ کانفرنس کل 26اکتوبر تک جاری رہے گی۔

مری بکل دے وچ چور ....

فاضل چیف جسٹس کے گذشتہ روز کے ریمارکس معنی خیز ہیں۔ کیا توہین عدالت کا مرتکب ...