لاہور ہائیکورٹ: بجلی کے ٹیرف میں اضافے کیخلاف وفاقی حکومت اور نیپرا سے 28 اکتوبر تک جواب طلب

25 اکتوبر 2013
لاہور ہائیکورٹ: بجلی کے ٹیرف میں اضافے کیخلاف وفاقی حکومت اور نیپرا سے 28 اکتوبر تک جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے بجلی کے ٹیرف میں حالیہ اضافہ کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور نیپرا سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے مو¿قف اختیار کیاکہ حکومت نے بجلی چوروں کیخلاف کاروائی کی نہ ہی بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں سے ریکوری کی جس کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ حکومت نے اپنے انتخابی منشور پر عمل کرنے کی بجائے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت نے یہی نعرہ لگایا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے بلاتفریق ریکوریاں کی جائیں گی۔ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جو غیر قانونی و غیر آئینی اور بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کے دلائل پر وفاقی حکومت اور نیپرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا جبکہ جوائنٹ سیکرٹری پانی و بجلی کو ذاتی طور پر طلب کر لیا گیا۔