شیخ رشید اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے رابطہ کریں تو بات ہو سکتی ہے: شجاعت
لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شیخ رشید احمد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لئے رابطہ کریں تو بات ہو سکتی ہے۔ نوازشریف کو یہ آخری موقع ملا ہے، ڈرون حملوں کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، ڈرون حملے پہلے بھی پاکستان کی مرضی کے خلاف ہوتے رہے اور اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے، طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لئے سنجیدگی لازمی ہے۔ اے پی سی میں فیصلوں پر ابھی تک عمل ہوتا نظر نہیں آیا پاکستان امریکہ کو اس وقت ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا میں نے لال مسجد آپریشن کی سخت مخالفت کی۔ اپنے ایک انٹرویو میں چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ سیاست میں کوئی بات حروف آخر نہیں ہوتی ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے دروازے کھلے رہتے ہیں اور اگر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لئے شیخ رشید نے رابطہ کیا تو اس حوالے سے بات چیت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ تو ہوا ہے مگر یہ مذاکرات کون کس سے اور کیسے کرے گا اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے تو مذاکرات کامیاب اور ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے۔