پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے‘ امریکہ اپنے علاقائی مفادات کیلئے خطے میں بھارت کی بالادستی چاہتا ہے: اسلم بیگ

25 اکتوبر 2013

لاہور (آئی اےن پی) سابق آرمی چےف جنرل(ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے علاقائی مفادات کے تحفظ کیلئے بھارت کی بالادستی کا خواہاں ہے‘ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ‘ شمالی وزیرستان میں آپریشن پاکستان کے مفاد میں تھا ہے اور نہ ہوگا۔ قوم اس کی اجازت دیگی اور نہ ہی فوج اور حکومت‘ پاکستان کیلئے 1.6 بلین ڈالرز کی ادائیگی پاکستان کیلئے پرانی تنخواہ پر کام کرتے رہنے کا واضح اشارہ ہے لیکن حالات اورواقعات بتارہے ہیں کہ سٹیٹس کو نہیں رہے گا‘ بھارت پہلے کنٹرول لائن اور اب بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کا واویلا مچا کر نئی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے ‘کشمیریوں پر ہونے والا ظلم و ستم اور قتل و غارت ایک بار پھر طوفان کا رخ اختیار کرنے والا ہے ۔ اپنے اےک انٹر وےو مےں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ سے توقعات تھیں نہ ہیں‘ امریکہ بھارت کو افغانستان میں کردار دینا اور پاکستان کو بیدخل کرنا چاہتا ہے اور ہماری مغربی سرحد پر ہمیشہ کیلئے خطرات پیدا رکھنا چاہتا ہے لیکن حالات کی سمت بتا رہی ہے کہ معاملات خود امریکہ کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے اور بھارت کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کیوں چاہے گا کہ ہماری اپنے بگڑے بچوں سے صلح ہو۔ افغان طالبان سے بات چیت میں بھی امریکہ کو کچھ نہیں ملے گا۔ وہاں ہوگا وہی جو ملا عمر چاہے گا۔ سارے مسائل کی جڑ امریکہ ہے طالبان نہیں۔ امریکہ چلا گیا تو سب اپنے کام پر لگ جائیں گے ۔طاقت کے نشے میں بدمست امریکہ اب سازشوں پر اتر آیا ہے لیکن اس محاذ پر بھی اسے شرمناک ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔