معروف بھارتی گلوکار منّا ڈے چل بسے

25 اکتوبر 2013

نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کے معروف گلوکار منّا ڈے طویل علالت کے بعد 94 برس کی عمر میں چل بسے۔ طبعیت بگڑنے پر انہیں بنگلور کے ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے جمعرات کو صبح چار بجے ان کی موت کا اعلان کیا۔ منا ڈے کا اصل نام پربودھ چندر ڈے تھا لیکن وہ اپنی عرفیت سے ہی پہچانے گئے۔ ویسے تو منّاڈے نے ہر طرح کے گیت گائے لیکن ان کی خاص شہرت اور مہارت کلاسیکی انداز کی گائیکی تھی۔ منّاڈے کے یادگار گیتوں میں ’لاگا چنری میں داغ‘ یا پھر ’پوچھو نہ کیسے میں نے رین بتائی‘ کے علاوہ ’اے مری زہرہ جبیں‘، ’پھول گیندوا نہ مارو‘، ’کون آیا میرے من کے دوارے‘ یا ’یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے‘ ’تو پیار کا ساگر ہے‘، ’یاری ہے ایمان میرا یار میری زندگی،‘ ’اے بھائی ذرا دیکھ کے چلو،‘ ’تجھے سورج کہوں یا چندا‘ اور ’یہ رات بھیگی بھیگی‘ شامل ہیں۔ انہوں نے دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔