دورہ امریکہ: وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بلا لیا گیا نواز شریف 4 نومبر کو قومی اسمبلی، آئندہ ہفتے سینٹ کو اعتماد میں لیں گے

25 اکتوبر 2013

 اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا ہے، کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوگا، وزیراعظم کابینہ کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ اور خاص طور پر صدر اوباما سے ملاقات کی تفصیلات پر اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن اور پاکستانی طالبان سے مذاکرات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ اقتصادی صورتحال اور توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے لائحہ عمل بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دورہ امریکہ اور صدر بارک اوباما سے ملاقات پر سینٹ اور قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے وہ آئندہ ہفتے ہونے والے سینٹ کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور 4 نومبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کرکے ایوان کو دورہ امریکہ کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔