ممبئی حملہ کیس کے پانچ گواہ 6 نومبر کو عدالت طلب کر لئے گئے

25 اکتوبر 2013

اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بمبئی حملہ کیس کے پانچ گواہوں کو چھ نومبر کو عدالت طلب کر لیا، گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے بتایا کہ بھارت میں گواہوں پر جرح کی کارروائی کا ریکارڈ بھارت کی جانب سے تاحال موصول نہیں ہوا۔ یہ ریکارڈ سفارتی ذریعہ سے آئے گا۔ ریکارڈ کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ مقدمہ کا ٹرائل شروع کیا جائے، جس پر فاضل عدالت نے استغاثہ کے پانچ گواہان، ایف آئی اے کے انسپکٹر اور چار پرائیویٹ گواہوں کی طلبی کے سمن جاری کرتے ہوئے سماعت چھ نومبر تک ملتوی کر دی۔ وکلاءکا موقف ہے کہ پہلے کمیشن جو بھارت گیا اسکا ریکارڈ چار ماہ کی تاخیر سے پاکستان بھجوایا گیا اور اب بھارت جانے والے کمیشن کا ریکارڈ بھی ایک ماہ گزرنے کے باوجود تاحال موصول نہیں ہوا۔