بھارت: لڑکی سے کار میں اجتماعی زیادتی‘ واقعہ میں ملوث 3 ملزم فرار

25 اکتوبر 2013

نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں کار میں ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا نیا واقعہ سامنے آیا ہے۔ دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے پریس افسر اور ترجمان راجن بھگت نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی ہے ۔ راجن بھگت نے بی بی سی کو بتایا تین افراد ملوث ہیں جو مفرور ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کی تلاش جاری ہے لیکن پولیس کے مطابق جس گاڑی میں اجتماعی جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا وہ گاڑی مل گئی ہے۔ پولیس نے تحقیقات اور ملزموں کے بارے میں اس سے زیادہ معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کیس کے لئے مقدمہ دہلی کے صفدر جنگ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال دسمبر میں دہلی میں ایک چلتی بس میں 23 سالہ طالبہ کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملوث چار نوجوانوں کو عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی۔ دہلی ریپ کے معاملے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا اور اس کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوئے تھے۔