دبئی ٹیسٹ ۔ گریم سمتھ کی ڈبل سنچری ۔ میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط
دبئی (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلی اننگز میں صرف 99 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد رنز کا پہاڑ کھڑا کرکے مشکلات میں ڈال دیا۔ کپتان گریم سمتھ نے ڈبل جبکہ اے بی ڈویلیئرز نے سنچری سکور کی۔ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے پہلی ادھوری اننگز 128 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو نائٹ واچ مین ڈیل سٹین صرف 7 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہو گئے تاہم بعدازاں کپتان گریم سمتھ اور اے بی ڈویلیئرز نے اننگز کو سنبھالا۔ پہلے محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پھر پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ پاکستان کی طرف سے لئے گئے 80 اوورز کے بعد دوسرے ریویوز بھی کام نہ آ سکے۔ اے بی ڈویلیئرز کا پہلی ہی گیند پر کیچ ڈراپ کیا گیا جس کا خمیازہ قومی ٹیم کو بھگتنا پڑا۔ پاکستانی باؤلرز بے بس نظر آئے اور میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط ہوتی گئی۔ کپتان گریم سمتھ 227 اور وکٹ کیپر اے بی ڈویلیئرز 157 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں پر 460 رنز بنا لئے ہیں اور اس کی ابھی 6 وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے 2 جبکہ محمد عرفان اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ ڈرا کیلئے دو سے اڑھائی دن تک بلے بازی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ توقع ہے کہ جنوبی افریقہ آج لنچ سے قبل اننگز ڈیکلیئر کر دے گا جس کے بعد پاکستان اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے کہا کہ ہم نے اپنا مقصد پورا کر لیا ہے۔ میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے تاکہ اننگز سے کامیابی حاصل کر سکیں۔ کتنا بڑا سکور کریں گے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ پاکستانی باؤلنگ کوچ محمد اکرم نے کہا کہ جنوبی افریقہ سکور کر سکتا ہے تو ہمارے بلے باز بھی کر سکتے ہیں۔ پہلی اننگز میں جو غلطیاں کی ہیں ان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمارے باؤلرز نے اچھی کارکردگی دکھائی مگر ڈویلیئرز کا کیچ چھوڑنا مہنگا پڑا۔ اب ہمارے بلے بازوں کو بھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔