بچی سے زیادتی کیس، انوسٹی گیشن ٹیم تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام

25 اکتوبر 2013

لاہور (نامہ نگار) مغلپورہ کی پانچ سالہ بچی (س) سے زیادتی کیس میں جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ اس واقعہ کو ڈیڑھ مہینہ گزر جانے کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان   بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق مغلپورہ کی پانچ سالہ بچی (س) کو 12 ستمبر کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اس کیس میں پولیس اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تاحال 250سے زائد مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کر چکی ہے۔ مگروہ تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام و بے بس ہیں ۔لاہور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں بتایا کہ اب تک اس کیس میں ملنے والے تمام ثبوت پولیس کے لئے ناکافی تھے جس کے باعث ملزمان کو تلاش کرنے میں پیچیدگی سامنے آرہی ہے۔