علاقائی امن کیلئے پاکستان اور روس میں قریبی تعاون ضروری ہے: ممنون حسین

25 اکتوبر 2013

 اسلام آباد (آن لائن) صدر ممنون حسین نے علاقائی اور عالمی امن وسلامتی کیلئے پاکستان اور روس کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سرکاری میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کی وفاقی انسداد منشیات سروس کے ڈائریکٹر  وکٹر پی آئیوانوف سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں مختلف سطحوں پر دوطرفہ روابط سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ ممنون حسین نے کہا کہ حکومت منشیات کی تجارت اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقوام متحدہ اور انسداد منشیات کے دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کی اشد ضرورت ہے۔