آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دینے کے بعد غلاف کعبہ کو تبدیل کردیا گیا۔
مکہ المکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی،جس میں خانہ کعبہ کو عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیا گیا۔ غسل کے بعد خانہ کعبہ پر سونے اور چاندی کی تاروں سے بنا ہوا نیا غلاف چڑھایا گیا۔ نیا غلاف چھ سوسترکلو گرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ ایک سوپچاس کلو گرام خالص سونے اورچاندی سے بنے غلاف پردوکروڑ ریال لاگت آئی ہے، اس کا سائزچھ سواٹھاون مربع میٹر ہے اور یہ سینتالیس حصوں پر مشتمل ہے۔ ہر حصہ چودہ میٹر طویل اورپچانوے سینٹی میٹر چوڑا ہے۔ غلاف کعبہ پر بیت اللہ کی حرمت، حج کی فرضیت اور فضلیت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔ اتارے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اوردیگرمعززین کو بطور تحفہ پیش کر دئیے جاتے ہیں۔