جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک مذاکرات کی کامیابی کے شادیانے بجانے والے بتائیں کہ کیا ڈرون حملے رک گئے ہیں؟
مولانا فضل الرحمٰن لاہور میں جمعیت علمأ پاکستان کے رہنمأ پیر اعجاز ہاشمی کی رہائشگاہ پر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب اور قابل تشویش ہے جس سے ہر محب وطن بے چین ہے ۔ بے راہ روی کا شکار لوگ نادیدہ قوتوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں اور درباروں پر حملے ایسے ہی لوگوں کی کارروائیاں ہیں ۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عدلیہ اور حکومت کے درمیان محاذ آرائی کسی کے مفاد میں نہیں ۔ جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو جو لوگ کامیاب کہتے ہیں وہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔