ڈیرہ ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرلیا: کمشنر
ملتان( خبر نگار خصوصی) سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کو حکومت پنجاب گندم کے بیج و دیگر زرعی لوازمات پر سبسڈی کی سہولت فراہم کررہی ہے تاکہ آئندہ فصل سے بھرپور پیداوار کرکے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہارکمشنر ڈی جی خان لیاقت علی چٹھہ نے محکمہ زراعت پنجاب اور نجی کھادکمپنی کے باہمی تعاون سے ڈیرہ غازی خان میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے ایڈوائزری سروسزڈور سٹپ پر فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نہروں کے شگاف بروقت مکمل کرکے گندم کی بوائی کیلئے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے کہا کہ امسال نومبر میں ہی ڈی جی خان ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ نجی کمپنی کے زرعی ماہرڈاکٹر سعید اقبال نے گندم کی فصل میں کھادوں کے متوازن استعمال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ گندم کی فصل میں فاسفورسی اورنائٹروجنی کھادوں کے توازن کا خاص خیال رکھیں۔اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی حنیف خان پتافی،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے بھی خطاب کیا۔ کسان کنونشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع غلام احمد بزدار سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔