فلور ملز کی چیکنگ کیلئے انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دیدی‘ آصف رضا
ملتان( خبر نگار خصوصی)ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملتان آصف رضا نے کہاہے کہ فلور ملز اور ہول سیل پوائنٹس کی چیکنگ کیلئے ڈویڑنل انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ فلور ملز،آٹا ہول سیل پوائنٹس اور گندم چیکنگ کے ناکوں کی انسپکشن کرے گی۔آصف رضا نے کہا کہ ملتان ڈویڑن کی سطح پر محکمہ فوڈ کے افسران پر مشتمل 6 رکنی انسپکشن ٹیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ٹیم ملتان ڈویڑن میں گندم سمگلنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرے گی جبکہ انفورسمنٹ ٹیم کا مقصد سرکاری آٹے کی رسد کے نظام کی موثر چیکنگ ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کا کہنا تھا کہ سخت ناکہ بندی کرکے آٹے کی سمگلنگ روکی جارہی ہے۔