بازیابی کیس ،لاپتہ شہری کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں زیر سماعت وفاقی دارالحکومت کے جی ایٹ سے لاپتہ شہری عثمان شاہ کی بازیابی کیلئے دائر درخواست میں شہری کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا۔گذشتہ روزبازیاب شہری عدالت میں پیش کردیاگیااور شہری روسٹرم پر آگیا، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کو کس نے اور کب اٹھایا، جس پر شہری نے بتایاکہ مجھے17تاریخ کو اسلام آباد سے اٹھایا گیا، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کو کہاں لے کر گئے تھے،جس پر شہری نے بتایاکہ کچھ پتہ نہیں کہاں لے گئے، عدالت نے پولیس سے استفسار کیاکہ کیا آپ سمجھا کر لائے ہیں اسے، جس پر سرکاری وکیل نے کہاکہ ہم نے کل شام کو انہیں گرفتار کیا ہے ان پر کیس ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ شام میں اچانک کیا معجزہ ہوا ہے ہم نے کہا آئی جی آئے گا اور ساتھ بندہ ہی آگیا، چیف جسٹس نے پولیس پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ پرچہ آپ نے اس کے خلاف ڈالا ہے ،میں آبزرویشن دونگا، شیر افضل ایڈووکیٹ نے کہاکہ کل عدالت میں کوئی بات نہیں ہوئی ایسی، انہوں نے ساری غلط بیانی کی ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ میں نے کہا ہے کہ آبزرویشن دونگا،نہ میں اس میں ضمانت دے سکتا ہوں نہ کوئی آرڈر ،آبزرویشن دونگا، وکیل نے کہاکہ70 لاکھ بازیابی کا بھتہ مانگا گیا، ہمارا ملزم آئی جی اسلام آباد ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ اسی لیے کہہ رہے ہیں ہم آبزرویشن دینگے،عدالتی ریمارکس کے بعد پولیس بازیاب شہری کو ہتھکڑی سمیت عدالت سے واپس لے گئی۔