رونالڈو کیلئے سعودی کلب کی پیشکش کا علم نہیں : وزیر کھیل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے دعوی کیا تھا کہ سعودی عرب کے فٹبال کلب کی جانب سے انہیں تقریبا 360ملین ڈالرز کے 2سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی تھی جسے مسترد کردیا تھا۔ کرسٹیانو رونالڈو کی اس بات پر سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے کہا کہ اس بات کا سیدھا جواب یہی ہے کہ مجھے اس بات کا علم نہیں۔میں نے بھی وہی پڑھا جو آپ خبروں میں پڑھتے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ اس کے مستقبل کے منصوبے کیا ہیں،شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی سے پوچھا گیا کہ کیا آپ رونالڈو کو سعودی عرب میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں؟سعودی وزیر کا جواب میں کہنا تھا کہ کیوں نہیں، ہمارے ملک میں فٹبال مضبوط ہے تو کیوں نہیں۔ ہمارے پاس مضبوط لیگ ہیں، جس کی ہر ٹیم میں 7 غیرملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور ہم اس کو بڑھانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیمیں ایشیا میں ٹاپ لیول پر کھیلتی ہیں۔