مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ سمیت متعدد سعودی شہروں میں شدید بارش،2 جاں بحق
مکہ، ریاض (ممتاز احمد بدانی+ نوائے وقت رپورٹ) نماز استسقا کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت متعدد سعودی شہروں میں شدید بارش ہوئی۔ بارش کے باعث مکہ میں مختلف حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پانی جمع ہونے کے باعث مکہ‘ جدہ ہائے وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ جدہ میں طوفانی بارش کے بعد تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں زائرین اور عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جدہ ائیر پورٹ پر آنے سے قبل متعلقہ ائیر لائن سے فلائٹ کا سٹیٹس معلوم کریں۔ شدید بارش کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں یا روانگی اور آمد میں تاخیر ہوئی۔ جدہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق نجران، جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ مکہ مکرمہ کے کچھ حصوں اور جدہ، اللیث اور قنفدہ سمیت ساحلی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ طائف میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ طائف سے مکہ مکرمہ کو ملانے والی پہاڑی شاہراہ الھدا کو احتیاطی طور پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے کہا ہے کہ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی بارش کے دوران اختیار کی جانے والی حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ وادیوں اور ایسے نشیبی مقامات سے دور رہیں جہاں پانی جمع ہو۔ بجلی کے کھمبوں سے بھی دور رہا جائے۔
سعودی عرب/ بارش