ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے باوجود صادق پارک میں تعمیرات جاری
بہاول پور (جنرل رپورٹر) ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کے باوجود گلزار صادق پارک میں مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔گلزار صادق پارک بہاولپور شہر کے عین وسط میں واقع واحد عوامی تفریح گاہ ہے بہاولپور کے رہائشی محمد طاہر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ کو تعمیرات روکنے کے حوالے سے درخواست دی لیکن انتظامیہ نے نوٹس نہ لیا۔بعد ازاں بہاولپور کیمسٹ ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر شاہد حسن نے بہاولپور ہائیکورٹ میں کمرشل تعمیرات کے خلاف رٹ کر دی جس پر عدالت عالیہ نے تعمیرات روکنے کا اسٹے آرڈر جاری کر دیا لیکن تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔صدر کیمسٹ ایسوسی ایشن شاہد حسن اور بہاولپور کے شہریوں محمد اخلاق،شعیب مکی،محمد یعقوب اور عبدالجبار وغیرہ نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیرات فی الفور روکی جائیں۔